امریکہ کسی بھی ملک کے عوام کی اکثریتی رائے کے ساتھ کھڑا ہے، ترجمان وائٹ ہاؤس
حسینہ واجدکیخلاف قبل کا مقدمہ درج، عدالتی حکم پر قتل کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا واشنگٹن، ڈھاکہ (صباح نیوز ، این این آئی ، آن لائن ) امریکہ نے بنگلا دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کو گرانے کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسینہ واجد کو اقتدار سے ہٹانے میں کوئی کردار نہیں۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کرین جین پیئر نے پریس بریفنگ میں صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہا کہ بنگلا دیشی عوام کو اپنی حکومت کے مستقبل کا تعین کرنا چاہیے اور امریکہ کسی بھی ملک کے عوام کی اکثریتی رائے کے ساتھ کھڑا ہے۔ بنگلا دیش میں حکومت مخالف طلبا تحریک اور اس کے نتیجے میں شیخ حسینہ واجد کے خاتمے میں امریکہ کے کردار سے متعلق افواہیں بے بنیاد اور مکمل جھوٹ ہیں۔ علاوہ ازیں بنگلا دیش کی عدالت نے ایک شہری کی درخواست پر مستعفی وزیر اعظم شیخ حسینہ، سابق وزیر داخلہ، عوامی لیگ کے مقامی رہنما اور 4 پولیس افسران کے خلاف قتل کے مقدمے پر تحقیقات کا حکم دیدیا۔ احتجاجی تحریک کے دوران فائرنگ میں مارے گئے ایک دکاندار کے لواحقین کی جانب سے وکیل نے عدالت سے مقدمہ دائر کرنے کا حکم نامہ حاصل کیا اور تھانے پہنچ گئے ۔ عدالت کے حکم پر پولیس نے شیخ حسینہ واجد ، ان کے سابق وزیر داخلہ اسد الزمان خان، عوامی لیگ پارٹی کے جنرل سیکرٹری عبد القادر اور 4 اعلیٰ پولیس افسران کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ دریں اثنا بنگلہ دیش میں عوامی احتجاج کے خاتمے کے بعد پولیس نے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔
مزید خبریں پڑھنے کے لئے viksolve کے ساتھ جڑےہیں۔